32.1 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومقومی خبریںپنجاب اسمبلی میں حکومت نے اینٹی ٹیررازم پنجاب سمیت 14مسودات قوانین منظور...

پنجاب اسمبلی میں حکومت نے اینٹی ٹیررازم پنجاب سمیت 14مسودات قوانین منظور کر الئے ، خضدار میں دہشتگردی کے واقعہ کے خلاف مذمتی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور

- Advertisement -

لاہور۔21مئی (اے پی پی):پنجاب اسمبلی میں حکومت نے اینٹی ٹیررازم پنجاب سمیت 14مسودات قوانین منظور کر الئے ، پنجاب اسمبلی کے ایوان نے خضدار میں دہشتگردی کے واقعہ کے خلاف مذمتی قرار دادبھی متفقہ طور پر منظور کر لی ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روزمقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ 55منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمدخان کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے بارے میں سوالات کے جوابات دئیے ۔وقفہ سوالات سے قبل سید ذوالقار علی شاہ نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پاک فوج نے مکار بھارتی فوج کو شکست دی،جب پاکستان بنا لاکھوں لوگوں نے قربانی دی،خضدار میں دہشتگردی کے نتیجہ میں بچوں کی شہادت ہوئی ،بھارت غداروں کو فنڈز دے کر پاکستان کو دہشتگردی کے ذریعے کمزور کر رہا ہے،آپ سب سے درخواست ہے کہ ہمیں ایک ہونا چاہیے،اس وقت پاکستان کو ایک طاقتور فوج کی ضرورت ہے۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ فوج نے بھارت کو ناکوں چنے چبوا دئیے ہیں،پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے،فیلڈ مارشل کا عہدہ بھی افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے دیا گیا ہے۔خضدار میں دہشتگردی کے واقعہ کے بعد ایوان صدر اور دیگر تقریبات ملتوی کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری ارکان سے درخواست ہے ستھرا پنجاب پروگرام بہت اچھا ہے اس میں مزید بہتری لانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ،یہ حکومت کا ایک انقلابی اقدام ہے ،ترقی کا رخ دیہاتوں کی جانب پہلی مرتبہ کیا گیا ۔

- Advertisement -

ارکان اسمبلی کی جانب سے ایوان میں لوکل گورنمنٹ بل پر تحفظات کی گونج بھی سنائی دی ۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ بل کمیٹی میں موجود ہے جس پر سپیکر نے بل پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے اس بل پر مجھے خود اعتراض ہے، اس بل پر تو ایسا لگتا ہے کے آپ عوامی نمائندوں پر ڈپٹی کمشنر کو فوقیت دے رہے ہیں،جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ بات غلط ہے، لوگ پرسیپشن پر باتیں کر رہے ہیں اسے دور کریں گے۔

رکن اسمبلی احمد اقبال نے کہا کہ میں فلور پر کھڑا ہو کر یہ بات کہ رہا ہوں کے نیا لوکل گورنمنٹ بل مقامی حکومتوں کو دفن کرنے جا رہا ہے جس پر ذیشان رفیق نے کہا کہ معزز ارکان جو کہہ رہے اس میں کوئی حقیقت نہیں۔اپوزیشن کے ایوان میں نہ ہونے کی وجہ سے اپوزیشن ارکان کے تمام سوالات نمٹا دئیے گئے ۔ سپیکر نے کہا کہ آج اہم قانون سازی کے موقع پر اپوزیشن ایوان میں موجود نہیں ان کے بنچز خالی ہیں ۔

سرکاری کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بلوں کی منظوری کا سلسلہ شروع کیا گیا ۔ اپوزیشن کی عدم موجودگی میں صوبائی موٹر گاڑیاں ترمیمی بل2025بل نمبر 25،صوبائی موٹر گاڑیاں ترمیمی بل2025 بل نمبر43،ڈرگز ترمیمی بل2025،صوبائی موٹر گاڑیاں ترمیمی بل 2025 بل نمبر45،پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ترمیمی بل،کمپنیوں کے منافع (کارکنوں کی شرکت)ترمیمی بل 2025 ،سٹیمپ ترمیمی بل 2025 ،صوبائی ملازمین کا سماجی تحفظ ترمیمی بل 2025 ، پنجاب آرمز ترمیمی بل 2025 ،پنجاب جوڈیشل اکیڈمی ترمیمی بل 2025،پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول بل 2025 ،پولیس آرڈر ترمیمی بل 2025 اورپنجاب فنانشل ایڈوائزری سروسز بل 2025 کثرت رائے سے منظور کر لئے ۔

اینٹی ٹیررازم پنجاب ترمیمی بل 2025کی منظوری کیلئے قواعد معطل کر کے ایوان سے 14 واں بل بھی منظور کرایا گیا ۔ پنجاب اسمبلی میں خضدار میں دہشگردی کے بزدلانہ حملہ کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔قراردادصوبائی وزیر پارلیمانی امور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پیش کی ۔قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان دہشتگردانہ واقعہ کی شدید مذمت اوردہشگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتا ہے۔پاک بھارت جنگ میں دشمن کی شکست کے آثار آنا شروع ہوگئے ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری نے خضدار واقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی بزدل دشمن کی پراکسیز ہیں جس نے حالیہ پاکستان پر حملہ کر کے منہ کی کھائی، یہ وہی پراکسیز ہیں جو بھارت کی ایما پر بلوچستان اور ملک کے دوسرے علاقوں میں بزدلانہ کارروائی کرتے ہیں۔

حکومت پنجاب، وزیر اعلی پنجاب اور اس ایوان کی طرف سے تعزیت کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ بچے ہیں جو اپنے مستقبل کیلئے سکول جا رہے تھے تو اس وقت ان پر بزدلانہ حملہ کیا گیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے وزیر اعلی بلوچستان کو فون کر کے تعزیت کی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص ختم نہیں ہوا ہے اور اس کو ختم ہونا بھی نہیں چاہیے کیونکہ اس آپریشن کے ذریعے ہی ان پراکسیز کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ آج فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کے اعزاز میں جو تقریب تھی وہ سانحہ خضدار کی وجہ سے منسوخ کی گئی ہے۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599955

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں