پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں 297 نشستوں کے لیے ریٹرننگ آفیسرز کو سکروٹنی سیل کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے،ترجمان الیکشن کمیشن

142
Election Commission

لاہور۔14مارچ (اے پی پی):پنجاب اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے آن لائن سکروٹنی سیل قائم کردیا ۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں 297 نشستوں کے لیے ریٹرننگ آفیسرز کو سکروٹنی سیل کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آن لائن سکروٹنی سیل جدید سافٹ ویئر کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔ سکروٹنی سیل کو ایف بی آر،نیب، اسٹیٹ بینک، نادرا اور دیگر ضروری اداروں سے منسلک کیا گیا ہے ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ تمام ریٹرننگ آفیسرز سیل میں امیدواروں کے کوائف کا اندراج کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 14 مارچ ہے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال (کل) 15 مارچ سے شروع ہو گی جبکہ سکروٹنی کا عمل 22مارچ تک جاری رہے گا۔