پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان ریلویز کے درمیان "انسپیکشن رجیم سافٹ ویئر”کی تیاری کیلئے اشتراک کا آغاز

10

لاہور۔24جون (اے پی پی):پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان ریلویز کے درمیان "انسپیکشن رجیم سافٹ ویئر” کی ڈویلپمنٹ کے لیے باقاعدہ اشتراک کا آغاز ہو گیا ۔ اس حوالے سے ایک آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری پاکستان ریلویز سید مظہر علی شاہ نے کی۔ اجلاس میں دونوں اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔پی آئی ٹی بی کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سید قاسم افضال اور جوائنٹ ڈائریکٹر ارسلان منظور نے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ پاکستان ریلویز کے چیف آفیسرز بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں سافٹ ویئر کی ڈویلپمنٹ سے متعلق جامع حکمتِ عملی، عملی اقدامات اور تعاون کے طریقہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سافٹ ویئر کے ذریعے انسپیکشن کے عمل کو موثر بنایا جائے گا، ڈیٹا پر مبنی مانیٹرنگ کو فروغ ملے گا اور ریلویز کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔اس حوالے سے چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے اپنے پیغام میں کہا کہ انسپیکشن سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن سے پاکستان ریلویز کے آپریشنز کو جدید، شفاف اور نتائج پر مبنی بنایا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اشتراک پاکستان میں اداروں کے درمیان تعاون اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے گورننس کو بہتر بنانے کی ایک عملی مثال ہے۔