چنیوٹ۔ 04 مئی (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ڈسٹرکٹ چنیوٹ کے زیرِ اہتمام ریسکیو سکاوٹس موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جس میں 150 سے زائد ریسکیو سکاوٹس نے حصہ لیا۔ یہ ایکسرسائز ضلع کی تینوں تحصیلوں چنیوٹ، بھوآنہ اور لالیاں میں منعقد کی گئی، جس کا مقصد ٹیموں کی تیاری کا جائزہ لینا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا تھا۔ اس ایکسرسائز کے دوران ریسکیو سکاوٹس نے مختلف فرضی ہنگامی صورتحال پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔ جن میں ابتدائی طبی امداد، سرچ اینڈ ریسکیو، آگ بجھانے اور ایویکیوشن کے عمل کی مشق شامل تھی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چنیوٹ طاہرہ خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو سکاوٹس موک ایکسرسائز کا مقصد کمیونٹی کی سطح پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رضاکاروں کو تیار کرنا ہے تاکہ کسی بھی قدرتی یا انسانی آفت کی صورت میں فوری اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان ایکسرسائزز سے مقامی آبادی میں ایمرجنسی کے حوالے سے آگاہی میں اضافہ ہوگا اور یونین کونسل سطح پر مربوط نظام کو فعال بنایا جا سکے گا۔ پنجاب ایمرجنسی سروس ڈسٹرکٹ چنیوٹ مستقبل میں بھی ایسے تربیتی پروگرامز کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ کمیونٹی ریسپانس سسٹم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592240