پنجاب بھر کی جیلوں میں خطرناک جرائم میں ملوث قیدیوں کی ذہن سازی کےلئے ماہر نفسیات بھرتی کر رہے ہیں،آئی جی جیل خانہ جات

123
پنجاب بھر کی جیلوں میں خطرناک جرائم میں ملوث قیدیوں کی ذہن سازی کےلئے ماہر نفسیات بھرتی کر رہے ہیں،آئی جی جیل خانہ جات

ملتان۔ 21 دسمبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں قید خطرناک قیدیوں کی ذہن سازی کےلئے 88 ماہر نفسیات اساتذہ بھرتی کر رہے ہیں۔جو جیلوں میں موجود عادی مجرموں کی بحالی اور انہیں اچھا شہری بنانے کےلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سنٹرل جیل ملتان میں بارکس کی تزئین و آرائش و دیگر منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ڈی آئی جی جیل خانہ جات محسن رفیق،سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل ملتان ارشد وڑائچ و دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔میاں فاروق کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے تزئین و آرائش کا یہ منصوبہ سنٹرل جیل ملتان کی تاریخی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جا رہا ہے،جس کا مقصد سیولیات دینے کے ساتھ ساتھ دیگر منصوبوں سے قیدیوں کو ہنر مند بنانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملتان جیل کی طرح پنجاب کی دوسری جیلوں میں بھی سرف ،صابن ،فنائل اور جوتے بنانے کے یونٹ قائم ہو گئے ہیں،جن کی مارکیٹنگ بھی کی جا رہی ہے۔

ان سے حاصل ہونے والا منافع ہنر مند قیدیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ قیدیو ں کی فلاح و بہبود کےلئے حکومت پنجاب کے تعاون سے دیگر منصوبے بھی لانچ کئے جا رہے ہیں۔راولپنڈی،سنٹرل جیل ملتان اور دیگر جیلوں میں فیملی رومز بھی بنائے گئے ہیں ۔ملتان جیل میں مجموعی طور پر 54 رومز ہیں جہاں سزائے موت اور عمر قید پانے والے مجرم اپنی شریکِ حیات کے ہمراہ تین روز قیام کر سکتے ہیں۔آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ قیدیوں کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے ،لاہور، چنیوٹ،رحیم یار خان اور بعض دوسرے شہروں میں نئی جیلیں بنانے کا بھی منصوبہ ہے۔

2 ارب روپے کی لاگت سے خواتین کےلئے 5 نئی جیلیں بھی زیرِ تعمیر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں 2 ہزار کے قریب خواتین قیدی موجود ہیں ،اب یہ تعداد صرف ایک ہزار ہے۔سنٹرل جیل ملتان میں صرف 60 سے 70 خواتین قید ہیں۔ایک سوال کے نواب میں آئی جی جیل خانہ جات نے بتایا کہ جیلوں میں بند کم عمر بچوں سمیت باقی قیدیوں کی تعلیم وتربیت کا خصوصی انتظام ہوتا ہے۔جس کےلئے اساتذہ بھرتی کئے جاتے ہیں۔