پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا ہرسال بذریعہ قرعہ اندازی ملازمین کو حج پر بھجوانا شاندار اقدام ہے ،صوبائی وزیر صنعت

39

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام حج قرعہ اندازی 2026کی تقریب پیسک ہائوس میں منعقد ہوئی ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سائرہ عمر اور پیسک ملازمین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی ۔

سال 2026میں حج کیلئے قرعہ اندازی کے ذریعے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ملازمین کی مختلف کیٹیگریز میں سے 7خوش نصیبوں کے نام نکالے گئے ۔صوبائی وزیر صنعت اور ایم ڈی پیسک سائرہ عمر نے قرعہ اندازی میں حصہ لیا ۔صوبائی وزیر نے حج قرعہ اندازی 2026میں نام نکلنے والے خوش نصیبوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی جانب سے اپنے ملازمین کو ہرسال قرعہ اندازی کے ذریعے حج کیلئے بھجوا جانا شاندار اقدام ہے اس پروگرام کے تحت اب تک پیسک کے 289ملازمین حج کی سعادت حاصل کر چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سال 2026میں پیسک کے 7خوش نصیب حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی ہر ایک کو حج کی سعادت نصیب فرمائے۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے امسال حج کی سعادت حاصل کرنے والوں نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ حج کی سعادت حاصل کرنے والے پیسک ملازمین نے حج انتظامات کو سراہا ۔