لاہور۔18 مارچ(اے پی پی )پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اورایئر فورس کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے،جس کے تحت ڈیرہ غازی خان کے علاقے فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف ، وفاقی وزیرتوانائی سردار اویس خان لغاری ، ائیر چیف مارشل اور دیگر حکام بھی موجود تھے -حکومت پنجاب کی طرف سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اللہ بخش ملک اور ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ائیر مارشل شاہد اختر علوی نے معاہدے پر دستخط کئے‘ حکومت پنجاب فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج اور ویلفیئر سٹی کے قیام کے لئے 100ایکڑ اراضی فراہم کرے گی اور ایک ارب روپے کی گرانٹ بھی مہیا کرے گی-وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج کا قیام میرے لئے بے حد خوشی کا موقع ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت اور ائیر فورس کے مابین طے پانے والا معاہدہ خوش آئند ہے-انہوں نے کہاکہ پاکستان ائیر فورس اور حکومت پنجاب کے درمیان سوسائٹی کی فلاح و بہبود کے لئے فورٹ منرو میںکیڈٹ کالج کے قیام کا منصوبہ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے نہ صرف ڈیرہ غازی خان کے گرد ونواح کے لوگ ہی نہیں بلکہ پاکستان بھر کے عوام بھی مستفید ہوسکیں گے-انہوںنے کہاکہ ہمیں پاکستان ائیر فورس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے، جو دشمن کو ناکوں چنے چبانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے کے عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے بھی پاکستان ائیر فورس کی خدمات قابل تحسین ہیں- پاکستان ائیر فورس اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے سپیشل ایجوکیشن سنٹر کا منصوبہ رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے –