لاہور۔5مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں سحر و افطار پوائنٹس کی چیکنگ مہم جاری ہے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر معروف ریسٹورنٹس، سحروافطار پوائنٹس کی سرپرائز چیکنگ کی گئی، تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں 3256پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی اور 7 پوائنٹس بند کر کے 385 کو 54لاکھ 29 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے اور ایک مقدمہ درج کروا دیا گیا۔
جاری تفصیلات کے مطابق 939کو سحر و افطار پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔عاصم جاوید نے بتایا چیکنگ کے دوران 4ہزارکلوسموسہ پٹی،پکوڑیاں، 1960لٹر ملاوٹی دودھ،300لٹر استعمال شدہ آئل، 200کلو ایکسپائر گوشت، سبزیاں،157کلو کیچپ، 150لٹرمشروبات موقع پر تلف کردئیے گئے۔ناقص مصالحہ جات،غیر معیاری رنگ اور ناقص آئل استعمال کرنے پر پوائنٹس کو بند کیا گیا۔
میڈیکلز، ریکارڈ کی عدم دستیابی اور حشرات کی موجودگی پر 385پوائنٹس کو جرمانے عائد کیے گئے۔اشیا کی تیاری میں ناقص یا ممنوعہ اجزا کا استعمال قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیمیں 3شفٹوں میں فیلڈ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں،ماہ مقدس میں رمضان بازاروں اور سحروافطار پوائنٹس کی روزانہ پر بنیاد پرسخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ پنجاب میں عوام تک معیاری اشیا کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569238