اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 1500کلوگرام ملاوٹی پتی تلف کردی۔ترجمان پی ایف اے کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پی ایف کےڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کشمیری بازار راجہ بازار میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 20 لاکھ روپے مالیت کی ملاوٹی پتی تلف کردی۔ترجمان نے بتایا کہ کشمیری بازار میں وئیر ہاؤس سے 1500 کلو ملاوٹی پتی ضبط کرکے تلف کی گئی۔
پتی میں رنگ اور کیمیکلز کی ملاوٹ کی جارہی تھی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف یہ کارروائی خفیہ اطلاعات پر عمل میں لائی گئی۔ انہوں نےکہا کہ دوران جانچ پڑتال پتی کے سیمپلز فیل ہوئے ۔ترجمان نے کہا کہ صوبے بھر میں فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹ مافیا کے خلاف یومیہ بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔