پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 30 واں اجلاس،بلیو، پرپل اور یلو لائن منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

103
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 30 واں اجلاس،بلیو، پرپل اور یلو لائن منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

لاہور۔16اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 30 واں اجلاس ارفہ کریم ٹاور لاہور میں ہوا ،جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ عمران سکندر بلوچ اور بورڈ کے دیگر ممبران و سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس دوران بلیو، پرپل اور یلو لائن منصوبے کیلئے جاری مختلف فزیبیلٹی سٹڈیز سمیت راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین منصوبہ پر جاری فزیبیلٹی سٹڈی پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول/ٹرانسپورٹ ٹاور کےلئے مختلف تجاویز اور آپشنز پر بھی غور کیا گیا جبکہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کیلئے جاری فزیبلٹی سٹڈیز اور میٹرو سٹیشنز پر سکیورٹی سسٹم و دیگر معاملات کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں پر جاری تمام فزیبلٹی سٹڈیز جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئےکہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کے ویژن اور ہدایات کے مطابق جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک بڑھایا جائےگا کیونکہ ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ سے عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولیات فراہم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ27 الیکٹرک بسوں کے بعد مزید سینکڑوں جدید ترین الیکٹرک بسیں آئندہ چند ماہ میں عوام کی خدمت میں پیش کرنے جا رہے ہیں۔ لاہور کو 2030 تک سب سے زیادہ بہترین اور جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم رکھنے والا شہر بنانے کا عزم ہے۔ اسی عزم کےساتھ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی بہت جلد جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم کا آغاز ہوجائےگا جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی الیکٹرک بسوں کو چلانے سمیت ماس ٹرانزٹ کے منصوبے شروع کرنے کا ارادہ ہے۔