لاہور۔16اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں سے تین روزہ”پنجاب کلچر فیسٹیول”کی تقریبات کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کا مقصد پنجاب کے عظیم ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا اور عوام کو اس سے جوڑنا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کلچر فیسٹیول کی مرکزی تقریب الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں منعقد ہو گی جہاں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گی اور شرکا سے خطاب کریں گی۔تین روزہ تقریبات میں پنجاب کی روایتی موسیقی، رقص، دستکاری، فوڈ فیسٹیول اور دیگر ثقافتی سرگرمیاں شامل ہوں گی،الحمرا آرٹس کونسل کو پنجاب کی ثقافت کے رنگوں میں رنگ دیا گیا ہے تاکہ شہری ایک مکمل ثقافتی ماحول سے لطف اندوز ہو سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجابی ثقافت کے تمام پہلوئوں کو عملی طور پر پیش کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو اپنی ثقافت سے روشناس کرایا جا سکے ، اس ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ عوام کیلئے داخلہ بالکل مفت ہوگا جبکہ تقریبات میں شرکت کے خواہشمند افراد الحمرا کی ویب سائٹ یا فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام شہریوں کو دعوت دیتی ہے کہ وہ اس تاریخی اور ثقافتی جشن میں بھرپور شرکت کریں اور پنجاب کے ثقافتی ورثے کا جشن منائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583190