پنجاب میں دھان کی کاشت کے50 لاکھ ایکڑ کے ہدف میں سے ابتک35 لاکھ78 ہزار ایکڑ رقبہ زیر کاشت لایا جا چکا ہے،محکمہ زراعت

102
paddy
paddy

لاہور۔ 22 جولائی (اے پی پی):پنجاب میں رواں سیزن کے دوران دھان کی50 لاکھ ایکڑرقبہ پر کاشت کے مقررہ ہدف کے برعکس ابتک35 لاکھ78 ہزار ایکڑ رقبہ زیرکاشت لایا جا چکا ہے اور باقی رقبہ پر دھان کی کاشت کا عمل برق رفتاری سے جاری ہے جبکہ امسال دھان کا پیداواری ہدف 49لاکھ 40 ہزار ٹن مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کیلئے349ٹیمیں فیلڈمیں موجوداورفیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر کے7 ہزار سے زائد گاؤں میں کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کر رہی ہیں تاکہ اس بار دھان کی بمپر کراپ کا حصول یقینی ہوسکے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق امسال40 لاکھ ایکڑرقبہ پر دھان کی باسمتی اقسام جبکہ10لاکھ ایکڑ رقبہ دھان کی موٹی اقسام کے زیرکاشت لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3 برسوں میں دھان کے زیر کاشت رقبہ میں 6.7 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا ہے اور گزشتہ سال4.87ملین ٹن چاول کی برآمد سے3.05 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایاگیا۔انہوں نے بتایا کہ دھان کی ایکسپورٹ کو مزید بڑھانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کے متعلقہ حکام کودھان کے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کیلئے فیصل آباد، لاہور، گجرات اور گوجرانوالہ میں ڈویژنل ایکسپرٹ گروپ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان مرکزی علاقوں میں ضرررساں کیڑوں کے کنٹرول کیلئے ایڈوائزری اورفصل پرپری ہارویسٹ انٹرول سپرے و فصل پرسپرے کی آخری حدسے متعلق خصوصی آگاہی دی جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ دھان کے مرکزی علاقہ جات میں فصل کیلئے مخصوص زرعی ادویات کی دستیابی کو مارکیٹ میں یقینی بنایا جائے گاجبکہ ان علاقوں میں دیگر فصلات کپاس یا گندم کیلئے مخصوص زرعی زہریں ممنوع ہوں گی تاکہ دھان کی فصل پر زہروں کے اثرات میں کمی ہو سکے۔انہوں نے مزیدبتایا کہ حکومت پنجاب دھان کی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملکی زرِ مبادلہ میں اضافہ ہو سکے۔