پنجاب میں مون سون بارشوں کا آغاز ، پہلا سپیل 1 جولائی تک جاری رہے گا،ترجمان پی ڈی ایم اے

6

لاہور۔25جون (اے پی پی):پنجاب میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو گیا ، بارشوں کا پہلا سپیل 1 جولائی تک جاری رہے گا ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع منڈی بہاوالدین،حافظ آباد گجرات، گجرانوالہ،لاہور،فیصل آباد،سیالکوٹ،نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ ، سرگودھا اور میانوالی میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

آج جمعرات 26 سے 28 جون جنوبی پنجاب میں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ بارشوں کے حوالے سے ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی جانب سے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ریسکیو ،واسا سمیت تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق صوبے بھر کی انتظامیہ کو مون سون بارشوں سے متعلق مراسلہ جاری کیا جا چکا ہے

کیونکہ رواں سال مون سون بارشیں 25 فیصد زیادہ ہونے کی پیشگوئی ہے ۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ محکمہ صحت، آبپاشی تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔ آ ندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ سیاح موسمی صورتحال کے مطابق اپنا پلان ترتیب دیں بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔