پنجاب میں وائلڈلائف کومبنگ آپریشن جاری،جنگلی جانوروںکی کثیر تعداد برآمد ، 88ملزمان گرفتار،جرمانے عائد

178
Wildlife combing operation
Wildlife combing operation

لاہور۔8اپریل (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب کی خصوصی ہدایت پر پنجاب میں وائلڈ لائف کومبنگ آپریشنز مربوط انداز سے جاری ہے۔ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک آپریشن کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں گزشتہ تین روز کے دوران صوبہ کے 24 اضلاع میں مختلف کامیاب کاروائیوں میں تحفظ شدہ جنگلی جانور و پرندگان کی کثیر تعداد برآمد کرکے خلاف ورزی کے مرتکب88 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،گرفتار 74 ملزمان کو سا ت لاکھ روپے جرمانہ عائد جبکہ 14ملزمان کے کیس عدالتوں کو بھیج دیئے گئے۔

ترجمان کے مطابق محکمہ نے صوبہ میں جاری وائلڈ لائف کومبنگ آپریشن کے سلسلہ میں 24 اضلاع چکوال،تلہ گنگ، میانوالی،سرگودھا،لیہ،بہاولنگر،خوشاب،اوکاڑہ،ساہیوال ،وہاڑی،خانیوال،ٹوبہ ٹیک سنگھ،ملتان ،ڈی جی خان، جھنگ،گجرات،فیصل آباد،وزیرآباد،نارووال،گوجرانوالہ، لاہور،قصور،اٹک اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پرچھاپے مارے گئے جہاں سے غیر قانونی طور پر رکھے گئے تحفظ شدہ جنگلی جانوروں و پرندوں کی ایک کثیر تعداد برآمد ہوئی،جس میں 01 مادہ کالا ریچھ،01پینگولن، 10بندر، 168 طوطے را،میکائو،پلم ہیڈڈ،گانی دار،بجریگر،51 بٹیر ،25 تیتر،18چکور،10مرغابیاں،02 کونجیں اور سینکڑوں معصوم چڑیاں شامل ہیں۔

ان کامیاب کاروائیوں میں کل 88 ملزمان گرفتار ہوئے جن میں سے 74 ملزمان کو مجموعی طور پر مبلغ سات لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیاجبکہ 14ملزمان کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی رو سے قانونی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔01 کالا ریچھ ،01 بندر اور 11طوطے بہاولنگر چڑیا گھر منتقل،01 بندر ،01 جنگلی بلی،40 طوطے،02 سفید مور اور بٹیر پیرووال وائلڈ لائف پارک بھیج دیئے گئے۔01 نایاب پینگولن،درجنوں دیگر جنگلی پرندے اور سینکڑوں چڑیاں قدرتی ماحول میں آزاد کردی گئیں۔

ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ وائڈلائف کومبنگ آپریشن کے دوران صوبہ بھر میں بلاتفریق کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور فیلڈ سٹاف بھر پور متحرک ہے۔آپریشن مکمل کامیابی تک جاری رہے گا نیز عوامی آگاہی کیلئے سوشل میڈیا سمیت ابلاغ کے تمام ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔