پنجاب میں گندم،چاول، کماد،کپاس کے بعد مکئی کی کاشت پانچویں نمبر پر پہنچ گئی،محکمہ زراعت فیصل آباد

226
مکئی

فیصل آباد ۔ 07 ستمبر (اے پی پی):پنجاب میں گندم،چاول، کماد،کپاس کے بعد مکئی کی کاشت پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ ترقی پسند کاشتکار80 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کررہے ہیں تاہم اگر جدیدپیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ کیاجائے تو پیداوار 100من فی ایکڑ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں اس وقت مکئی کا زیر کاشت رقبہ ساڑھے13 لاکھ ایکڑ سے بھی تجاوز کرچکاہے جہاں سے31لاکھ ٹن سے زیادہ پیداوار حاصل ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ عام کاشتکار54من فی ایکڑ مکئی پیداکررہے ہیں مگر ترقی پسند کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار 80من تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو زرعی اجناس کی کاشت سے قبل زمین کے کلراٹھے پن، نہری، زمینی پانی کی دستیابی، پانی کی کوالٹی، فصلوں کی کثرت کاشت، پچھلی کاشتہ فصلوں کو بھی مد نظر رکھناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کھیتوں میں نائٹروجن، فاسفورس، پوٹاش ڈال کربہتر پیداوارکاحصول ممکن بنایاجا سکتا ہے۔