پنجاب میں ہر سال 42 لاکھ بچوں کی مختلف امراض سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے،ڈاکٹر مشتاق شاد

91
Vaccination

فیصل آباد۔ 26 دسمبر (اے پی پی):پنجاب میں ہر سال 42 لاکھ بچوں کی مختلف موذی امراض سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے جو مجموعی طورپر 90 فیصد کے قریب ہے تاہم اسے 100 فیصد بنانا ہدف ہے۔

سینیئر ہیلتھ آفیسر یونیسف پنجاب ڈاکٹر مشتاق احمد شادنے بتایا کہ والدین میں ان کے بچوں کیلئے حفاظتی ٹیکوں کی افادیت اور اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی پروگرامز کادائرہ مزید وسیع کیا جارہا ہے تاکہ ہر والدین میں 2 سال تک کے بچے کی 12مختلف بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کرانے کا احساس برقراررہے نیز بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کرانا ایک قومی فرض اور ان کی جان کی حفاظت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیدائش سے2 سال تک بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوا کر تپ دق، پولیو، خناق، نمونیا،کالی کھانسی،کالا یرقان،گردن توڑ بخار،اسہال،تشنج اور خسرہ جیسی مہلک بیماریوں سے بچایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحتمند معاشرے کے قیام کے سلسلہ میں بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کا کورس ناگزیر ہے جس کیلئے حکومتی سطح پر مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم بچوں میں بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ کیلئے ویکسی نیشن لازمی کرانے کا پیغام عام کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ قوم کے مستقبل کی صحت کا تحفظ یقینی ہوسکے۔انہوں نے واضح کیا کہ مذکورہ تمام ویکسی نیشن بالکل مفت کی جارہی ہے۔