26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںپنجاب میں ہر سال1.22ملین ٹن ویسٹ ری سائیکل نہ ہونے سے کرہ...

پنجاب میں ہر سال1.22ملین ٹن ویسٹ ری سائیکل نہ ہونے سے کرہ ارض اور ماحول کو سنگین خطرات درپیش ہیں،ڈائریکٹر جنرل ماحولیات

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 11 جون (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ نے کہا کہ پنجاب میں ہر سال پیدا ہونے والا1.22ملین ٹن ویسٹ ری سائیکل نہیں ہوتا جس سے کرہ ارض اور ماحول کو سنگین خطرات درپیش ہیں۔فیصل آباد سپر سٹورز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماحول ہمارا مشترکہ عالمی ورثہ ہے جس کے تحفظ کےلئے ہمیں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ کرہ ارض کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد ماحولیاتی تبدیلیوں کی ذمہ داریاں دوسروں پر ڈال کے خود کو بری الذمہ سمجھ لیتے ہیں حالانکہ ایسا نہیں اور اس زمین پر بسنے والے ہر شخص کو اس کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کے 12دریاؤں میں پلاسٹک کی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے اور ان میں دریائے سندھ بھی شامل ہے جو اِس کے اردگرد بسنے والے کروڑوں انسانوں کی غذائی ضروریات کو پورا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کی آلودگی سے مچھلیوں کی بقا کو خطر ہ ہے اور ہمیں شعوری رضا کارانہ اور عملی طور پر پلاسٹک کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی تاکہ ماحول کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے اس سلسلہ میں جامع قانون سازی کر لی ہے اور فی الحال 75میکرون سے کم کے شاپرز استعمال کرنے پر پابندی لگائی گئی ہے تاہم اس سلسلہ میں کاروباری افراد کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے نہ صرف پلاسٹک کے شاپرز بلکہ دیگر اشیاء کے استعمال کی بھی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ قانون 5جون سے نافذ العمل ہو چکا ہے اس لئے خاص طور پر سپر سٹورز کو اس کی سختی سے پابندی کرنا ہو گی۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ڈی گراؤنڈ پیپلز کالونی کے دکانداروں نے اس قانون پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے اور وہ کہہ سکتے ہیں

- Advertisement -

کہ ڈی گراؤنڈ اب پلاسٹک فری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نان وون بیگ اور پلاسٹک فلیکس کی بھی حوصلہ شکنی کر رہی ہے تاہم فی الحال اس قانون پر سختی سے عملدرآمد نہیں کرایا جا رہا ، وہ چاہتے ہیں کہ ہمارا معاشرہ اور خاص طور پر بزنس کمیونٹی از خود اس قانون کی پابندی کرے تاکہ حکومت کو تادیبی کارروائی کرنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ جو کاروباری افراد رضا کارانہ طور پر ماحولیاتی تحفظ کیلئے کام کریں گے ان کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے ملاقات کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔ اس موقع پر سپر سٹورز ایسوسی ایشن کے صدر شاہد ممتاز باجوہ نے انہیں یقین دلایا کہ فیصل آباد کے 50سپر سٹورز نے فوری طور پر پلاسٹک شاپرز کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے اور اس سلسلہ میں رضاکارانہ طور پر زیرو ٹالرنس سے کام لیا جا رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=474903

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں