21.6 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 25, 2025
ہومعلاقائی خبریںپنجاب میں ہیٹ ویو کی شدت، پی ڈی ایم اے کی احتیاطی...

پنجاب میں ہیٹ ویو کی شدت، پی ڈی ایم اے کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری

- Advertisement -

لاہور۔24اپریل (اے پی پی):ترجمان پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اپریل کے اختتام تک درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے کہا کہ سائوتھ پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے، جہاں شدید گرمی کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔گزشتہ روز بہاولنگر میں درجہ حرارت 44 ڈگری، رحیم یار خان اور بھکر میں 42 ڈگری جبکہ کوٹ ادو میں41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور سمیت بیشتر میدانی علاقوں ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ، منڈی بہائوالدین، خانیوال، قصور، لیہ، جھنگ، حافظ آباد اور فیصل آباد میں درجہ حرارت40 ڈگری کے آس پاس رہا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے الرٹ رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چولستان کے علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کائونٹرز قائم کیے جا چکے ہیں۔

- Advertisement -

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ہیٹ سٹروک سے بچائو کے لیے ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے، میڈیا کے ذریعے بھی شہریوں کو گرمی کی شدت سے پیدا ہونے والے خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں، سخت دھوپ میں مشقت اور ورزش سے گریز کریں، ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587345

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں