لاہور۔28اپریل (اے پی پی):پنجاب پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان پولیس نے تھانہ صدر تونسہ کی حدود میں سپر بند 2 کے مقام پر جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع پر ناکہ بندی کی، دریا سے سپر بند 2 کی طرف آنے والے 5 مسلح ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی،جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے میں 3 ڈاکو رحمت اللہ عرف رانجھا سنجرانی، فہد عرف فہدی اور آصف عرف حاجی سنجرانی ہلاک جبکہ 2 ڈاکو فرار ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو تھانہ صدر تونسہ کی حدود میں اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا جبکہ پولیس اہلکار محفوظ رہے، مفرور ڈاکوئوں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث ڈاکوں کو کیفرکردار تک پہنچانے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588705