لاہور۔5جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے احسن اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت پنجاب پولیس اور نجی فلاحی ادارے (سرور شاہدہ ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر سائنس ٹرسٹ) کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں نائب صدر میاں عصمت اللہ اور بورڈ ممبر آغا نبیل بھی موجود تھے۔ آئی جی پنجاب اور صدر ٹرسٹ نے ایم او یو پر دستخط کئے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے تمام آر پی اوز فلاحی ادارے کے ریجنل ایمبیسڈر مقرر کیے گئے ہیں۔ایم او یو کے تحت سی پی او میں سالانہ اور ریجنل و ضلعی دفاتر میں سہ ماہی بنیادوں پر کارڈیو ویسکولر کیمپس لگائے جائیں گے۔ کیمپس میں ادارہ کی جانب سے پولیس ملازمین کی کارڈیووسکولر سکریننگ کی جائے گی۔
بلڈ پریشر، بلڈ شوگر اور دیگر قلبی امراض کی تشخیص کیلئے پولیس ملازمین کے فری ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ فلاحی ادارہ قلبی امراض میں مبتلا پولیس ملازمین کو بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے ٹرسٹ کے صدر اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ ٹرسٹ کے ساتھ ہونے والا ایم او یو پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر میں خصوصی سہولت کا باعث بنے گا۔