فیصل آباد۔ 21 ستمبر (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصل احمد اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد اویس عابدنے آرٹس کونسل کی تزئین وآرائش کے حوالے سے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے ہمراہ مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ایکسیئن بلڈنگز سارہ قمر بھی موجود تھیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ آرٹس کونسل کی تزئین وبحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کئے جارہے ہیں اور تمام تر کاموں کی کڑی نگرانی کی جائے گی ، اس ضمن میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ڈائریکٹرنے بتایا کہ تزئین وآرائش کے ساتھ ساتھ نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم کے ایئرکنڈیشنڈ کو بھی فعال بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن کو صوبہ کی مثالی آرٹس کونسل بنانا ترجیح ہے جس کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔