پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے زیرِ اہتمام یوم ِاستحصال ِکشمیر منایا گیا

161

سرگودھا۔5اگست (اے پی پی):پنجاب کونسل آف دی آرٹس سرگودھا ڈویژن میں 5 اگست بطور یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ اس سلسلے میں کونسل کی آرٹ گیلری میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پہ بھارتی غاصبانہ افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم اور قربانیوں کی عکس بندی پر مبنی تصاویری نمائش، ریلی اور سیمینار منعقد ہوئے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوحسین احمد رضا نے بطور مہمان ِخصوصی، اسسٹنٹ کمشنر عظیم شوکت اعوان ، ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس سرگودھا ڈویژن مغیث بن عزیز ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدنان خالق بھٹی ،پروفیسر(ر)میجر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد خان ہرگن کے ہمراہ شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کے لیے قربانیوں اور جدوجہد ناقابل فراموش ہے اور دنیا اس مسئلے پہ نظر رکھے ہوئے ہے جس میں بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کا مکمل استحصال قابل مذمت فعل ہے جو مہذب دنیا زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر عظیم شوکت اعوان نے کہا کہ آزادی کے حصول کی خاطر کشمیریوں کا بھارتی فوج کا ظلم سہنا اس تحریک کے ساتھ مکمل طور پر جڑنے کا ثبوت ہے ۔ جنوبی ایشیا میں امن کو قائم رکھنے کے لئے اقوام عالم کو اس مسئلہ پر توجہ دینی ہوگی۔ اس موقع پرڈائریکٹر کونسل مغیث بن عزیز نے کہا کہ کشمیریوں پہ ظلم و بربریت کی جو داستان رقم ہو رہی ہے اس سے آزادی کی تحریک مزید مستحکم ہو رہی ہے اور بھارت کا سیاہ چہرہ مکمل طور پہ عیاں ہو چکا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر کے حل میں پنہاں ہے ، اقوامِ متحدہ کی کشمیر کے حوالے سے منظور شدہ قراردادوں کی روشنی میں انہیں استصواب رائے کا حق دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ نمائش،سیمینار اور ریلی میں سکول ، کالجز ، یونیورسٹی ، سرکاری و نجی اداروں کے سربراہان ، کونسل کے افسران و ملازمین ، ثقافت و فنون لطیفہ سے وابستہ افراد سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔