پنجاب کے بجٹ میں لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے لیے مجموعی طور پر5 ارب روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز

87

لاہور۔14جون (اے پی پی):پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے لیے مجموعی طور پر5 ارب روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے جس میں جاری منصوبہ جات کیلئے 1 ارب 58 کروڑ کی رقم اور نئے منصوبوں کیلئے3 ارب42 کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کی جا رہی ہے۔

وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کے زرعی خوشحالی منصوبہ کے تحت حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں گھریلو مرغ بانی کے فروغ کیلئے اس سال 11 کروڑ کی رقم رکھنے کی تجویز ہے۔ جانوروں کی صحت کے حوالے سے ڈویژن کی سطح پر ویٹرنری ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جس کیلئے10کروڑ سے زائد رقم مختص کرنے کی تجویز ہے۔ جانوروں کی نشوونما کے حوالے سے کسانوں کیلئے 50 فیصد سبسڈی پر Silage مشین کی فراہمی کا منصوبہ بھی لایا جا رہا ہے جس کے لئے 32 کروڑ سے زائد رقم رکھنے کی تجویز ہے۔