پورٹ قاسم کا ایکسپورٹرز کیلئے ڈرائی پورٹ چارجز میں 50فیصد کمی کا فیصلہ

74

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):پورٹ قاسم نے ایکسپورٹرز کیلئے ڈرائی پورٹ چارجز میں 50فیصد کمی کا فیصلہ کر لیا ۔ جمعرات کے روز کابینہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹیشن و لاجسٹکس کا اجلاس وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایکسپورٹس بڑھانے اور ایکسپورٹرز کو سہولیات کی فراہمی کیلئے پورٹ قاسم اتھارٹی 50فیصد چارجز میں کمی کرے گی ۔

کمیٹی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ سے بھی کہا ہے کہ پورٹ قاسم کی طرح پورٹ چاجز میں ممکن کمی کے حوالے سے تجویز وزارت بحری امور کے ذریعے کمیٹی کے سامنے غور کے لیے پیش کرے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر ریلوے اور معاون خصوصی سی پیک کی مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی جو پاکستان انٹر نیشنل بلک ٹرمینل کو کوئلے کی ہینڈلنگ کو حقوق دینے پر انکوائری کرے گی ۔

کمیٹی معاہدے کی شفافیت اور قانونی پہلوئوں کو دیکھ کر دوہفتوں میں کابینہ کمیٹی کو رپورٹ جمع کرائے گی ۔ کمیٹی ضرورت کے مطابق دوسرے ممبران کو بھی شامل کرسکتی ہے ۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے کو ل ہینڈلنگ کو روکنے سے متعلق فیصلے پر کے پی ٹی کو قانونی رائے لینے کی ہدایت کی گئی ۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کو یہ ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ کول ہینڈلنگ کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کی سہولیات کیلئے ممکنات تلاش کرے ۔ ا

یوی ایشن ڈویژن کو ایئر فریٹ چارجز اور سی فریٹ کا تقابلی جائزہ لے کر کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ کمیٹی نے پٹرولیم ڈویژن کو ہدایات جاری کیں کہ ڈیمڈ ڈیوٹی کا معاملہ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے سامنے اگلے اجلاس میں رکھے ۔ پٹرولیم ڈویژن کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی کہ کابینہ کمیٹی برائے انرجی کے اگلے اجلاس میں ہر ریفائنری سے موصول شدہ ڈیوٹی کا سالانہ بریک اپ بھی رکھا جائے ۔

کابینہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹیشن و لاجسٹکس نے متفقہ طور پر سفارشات دی ہیں کہ پٹرولیم ڈویژن ریفائنریز کی جانب سے دی گئی ڈیوٹی کا آڈٹ کرے ۔کمیٹی اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے ، وزیر ہوابازی ، مشیر تجارت ، معاون خصوصی سی پیک ،ریگولیٹر ی اتھارٹیز کے نمائندگا ن اور وزارتوں ، ڈویژنز کے سینئر حکام نے شرکت کی ۔