پوری قوم ، مخیر حضرات اور پارٹی قیادت و کارکنان تمام ذاتی و سیاسی مصروفیات ترک کر کے سیلاب متاثرین کی مدد میں لگ جائیں، نواز شریف کا ویڈیو پیغام

159
Nawaz Sharif
Nawaz Sharif

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے ملک بھر میں بدترین سیلاب اور اس سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پوری قوم ، مخیر حضرات اور اپنی پارٹی قیادت و کارکنان سے اپیل کی ہے کہ تمام ذاتی اور سیاسی مصروفیات ایک طرف رکھ کر سیلاب متاثرین کی مدد میں لگ جائیں۔ پریشان حال لوگ آپ کی مدد کے منتظر ہیں۔ اتوار کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں محمد نواز شریف نے کہا کہ سیلاب اور طوفانی بارشوں سے جانی، مالی اور املاک کے نقصان کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کو شدید نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانی و مالی نقصانات پر دل بہت افسردہ ہے لیکن یہ وقت اپنے اعمال کے جائزہ اور توبہ کا بھی ہے اور ہمیں اس بات کا بھی جائزہ لینا ہوگا کہ کہیں ہمارے اپنے اعمال اور لغرشوں کی وجہ سے تو ہم پر یہ آفت نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، مخیر شخصیات اور اداروں سے اپیل ہے کہ یکسوئی کے ساتھ سیلاب متاثرین کی بحالی کی سرگرمیوں سے جڑ جائیں۔

نواز شریف نے اپنی پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ اور کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ تمام سیاسی اور ذاتی مصروفیات کو ترک کرکے ملک اور قوم کی سیلاب سے متاثرہ آبادی کی بحالی اور ان کی مدد کیلئے مصروف عمل ہوجائیں۔ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل، ریلیف کیمپ لگائیں اور دکھی انسانیت کی خدمت کریں جو آپ کی مدد کے منتظر ہیں۔ اپنی تمام مصروفیات متاثرین کی بحالی کیلئے صرف کریں۔

مسلم لیگ (ن )کے قائد محمد نوازشریف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو بھی شاباش دی جو سیلاب کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور اپنی تمام تر توانائیاں اس مقصد کیلئے صرف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف بھی متاثرہ علاقوں میں جائیں گی اور متاثرین کی داد رسی کریں گی۔

آپ بھی آگے بڑھیں اور جن کا سب کچھ سیلاب کی نظر ہوگیا ہے ان کی بحالی میں کردارادا کریں۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں دکھی انسانیت کی صحیح معنوں میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے اور سیلاب سے نجات دلائے اور متاثرین کی جلد بحالی کی صورت میں مدد فرمائے۔