اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی قابل فخر اور بہادر افواج کو سلام پیش کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ پوری قوم وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وطن کے تحفظ کیلئے افواج کی قربانیوں کی دوسری مثال موجود نہیں ہے۔ جمعرات کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ وطن عزیز کی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے اقوام عالم کی نظریں اس خطے پر ہیں۔ پاکستان د±نیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت ہے، ہمارے ایٹمی اثاثے اور ایٹمی میزائل پروگرام مخالفین کی جارحیت کی خواہش کو سر نہیں اٹھانے دیتے۔ ہمارے لئے قابل فخر بات یہ ہے کہ ہماری بہادر اور پرعزم افواج دہشتگردی کے خلاف ایک طویل اور اعصاب شکن جنگ لڑ کر د±نیا پر اپنی قابلیت کی دھاک بٹھا چکی ہیں، ہماری افواج، وطن کے تحفظ کیلئے جو قربانیاں دے رہی ہیں اس کی کوئی دوسری مثال موجود نہیں ہے۔ میں اپنی قابل فخر اور بہادر افواج کو سلام پیش کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ پوری قوم وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔