پورے ملک کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا

144

حیدرآباد۔27اکتوبر (اے پی پی):پورے ملک کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ شہید بینظیرآباد کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ اقبال احمد تنیو کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس سے نواب شاہ پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر قربان علی راہو، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر محمد صابر قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلیم جاوید احمد انڑ، انفارمیشن آفیسر شیر محمد جمالی، دین محمد پٹھان،مختیارکار دوڑ محمد علی جمالی سمیت مختلف محکموں کے ضلع افسران، سکاؤٹس اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاء کے ہاتھوں میں بینر و پلے کارڈ تھے جن پر کشمیر بنے گا پاکستان، بھارت مردہ آباد کے نعرے درج تھے۔

ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ اقبال احمد تنیو ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر قربان علی راہو اور دیگرنے کہا کہ 27 اکتوبر1947 انسانی تاریخ میں ایک سیاہ دن ہے جس دن بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی داستان رقم کی گئی،ہم کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور انکے حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے تمام انسانی حقوق روندھتے ہوئے کشمیر کے علاقے میں زبردستی اپنی فوج داخل کی اور وہاں کے عوام کو اپنے حق خود ارادیت سے محروم کردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، جس طرح مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اپنی جدوجہد آزادی کیلئے بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں و ہ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ انشاء اللہ ان کی جدوجہدضرور کامیاب ہو گی اوروہ امن اور خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر شروع کریں گے۔مقررین نے مزید کہاکہ اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ بھی آج کے دن مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں تاکہ بھارت پر یہ بات واضح ہو جائے کہ دُنیا ریاستی جبر کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور ان کے اصولی موقف کی تائید کرتی ہے۔

دوسری جانب ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں سمیت تحصیل سکرنڈ، قاضی احمد اور دوڑ میں بھی کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر سیاہ دن منایا گیا۔