23.2 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 6, 2025
ہومقومی خبریںپولش خاتون کی بیٹی کی حوالگی کی درخواست پر بچی کے والد...

پولش خاتون کی بیٹی کی حوالگی کی درخواست پر بچی کے والد عدیل خان اور بیٹی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم

- Advertisement -

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولش خاتون کی بیٹی کی حوالگی کی درخواست پر بچی کے والد عدیل خان اور بیٹی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے کہا ہے کہ والد اور بیٹی کو ہر حال میں عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ بچی کی صحت اور موجودگی کا جائزہ لیا جا سکے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پولش خاتون اننا مونیکا کی بیٹی انیتا مریم خان کی حوالگی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے بچی کے والد عدیل خان اور بیٹی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔سماعت کے دوران والد عدیل خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کراچی کے رہائشی ہیں اور یہ کیس اسلام آباد ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ انہوں نے دلائل دیئے کہ پولینڈ کی عدالت سے ابھی تک بچی کی حوالگی کا کوئی حتمی حکم جاری نہیں ہوا جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ وہاں کیس کی کارروائی ابھی جاری ہے۔

- Advertisement -

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ عدالت یہ دیکھ رہی ہے کہ آیا پولینڈ کی عدالت نے کیس کی Cognizance لے رکھی ہے اور آیا بچی کو قانونی کارروائی مکمل ہونے سے پہلے پاکستان لایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ والد اور بیٹی کو ہر حال میں عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ بچی کی صحت اور موجودگی کا جائزہ لیا جا سکے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بچی کی والدہ نے متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں انہیں آن لائن عدالت کے سامنے پیش ہونے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

اگر عدالت مناسب سمجھے تو بچی کی والدہ خود بھی پیش ہو سکتی ہیں۔عدالت نے حکم دیا کہ اننا مونیکا بھی آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بچی کی والدہ 15 اپریل کے بعد پاکستان آ کر عدالت میں پیش ہو سکتی ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569132

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں