پولٹری فارمرزکوموسم سرما کے دوران شیڈزکا درجہ حرارت 75 سے80 فارن ہائٹ تک رکھنے کی ہدایت

131
Poultry farmers

فیصل آباد۔ 15 دسمبر (اے پی پی):ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز،لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کے ماہرین نے کہا کہ پولٹری فارمرز موسم سرما کے دوران مرغیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر پرعملدرآمد کریں اور شیڈ کی اچھی طرح صفائی سمیت اچھی قسم کے سپرے یا جراثیم کش ادویات کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو صحت مند مرغیوں کے گوشت کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک اینڈ پولٹری فارمرز خصوصاً مرغی پال حضرات شیڈ کا درجہ حرارت 75 تا 80 فارن ہائٹ تک برقرار رکھیں اور سردیوں میں ٹھنڈی ہو اسے بچاؤ کیلئے پلاسٹک کے پردے لگانے سے پرہیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پلاسٹک کے پردوں سے شیڈ میں نمی کا خدشہ ہوتا ہے جس سے پرندے دم گھٹ کر مر سکتے ہیں اس لئے موٹے جینز کے پرد وں کو استعمال میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شیڈ میں تازہ ہوا کی آمد و رفت کا مناسب انتظام ہونا چاہیے جس کی وجہ سے سانس کی بیماریوں کا امکان بہت حد تک کم ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رات کو پردے نیچے کرتے وقت تازہ ہوا کے لئے تھوڑا بہت راستہ رکھیں نیز شیڈز کا درجہ حرارت برقرار رکھنے کے لئے ہیٹر یا بھٹی کا استعمال کیا جائے اور اس بات کا خیال رہے کہ دھواں جمع نہ ہو کیونکہ دھویں سے پرندوں کے پھیپھڑوں پر اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورا یا چاول کا چھلکا نیچے استعمال کیا جائے اور جب یہ گیلا ہو توا سے فوراً بدل دینا چاہیے۔