پولٹری فارمنگ کی صنعت سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے،ڈائریکٹرلائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد

188

فیصل آباد۔ 05 ستمبر (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر حیدر علی خان نے کہاکہ ملک میں پولٹری فارمنگ کی صنعت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے بعد ملک کی دوسری بڑی صنعت کا درجہ اختیار کر گئی ہے جس سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ مرغبانی کی صنعت تیزی سے فروغ پا رہی ہے لیکن اس ضمن میں ضروری اقدامات کو مد نظر نہیں ا جا رہا جس سے پولٹری فارمز میں بیماریاں پھیلنے کے خدشات ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولٹری فارمنگ کی صنعت سے وابستہ سٹیک ہولڈرز، سائنسدانوں،ماہرین لائیوسٹاک اور تاجروں کو موجودہ دور میں ماحول کنٹرول سسٹم اشد ضروری ہے اس لیے اگر برائلر فارم لگانامقصود ہوتو کم از کم 25ہزار کی گنجائش کا شیڈ ہونا اور اگر انڈے والی مرغی رکھنا ہو تو کم ازکم 30ہزار لیئر مرغی کارکھنا اشد ضروری ہے تاکہ پولٹری فارم سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جس جگہ پر پولٹری فارم لگانا مطلوب ہو اس جگہ کے پانی کا پہلے لیبارٹری ٹیسٹ کروانا ضروری ہے تاکہ اس بات کا علم ہو سکے کہ یہ پانی مرغیوں کے لیے مفید ہے یا نہیں۔

انہوں نے مزید بتایاکہ ایسی جگہ پر فارم لگانے سے گریز کرنا چاہیے جہاں بارش کا پانی کھڑا رہنے، سیلاب آنے یا بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ کا خطرہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجوزہ پولٹری فارم کے ساتھ چاول یا دھان کی فصل کاشت کی جاتی ہو تو ایسی زمین کے ساتھ بھی پولٹری فارم لگانے سے گریز کرنا چاہیے۔