پولیس خدمت مراکز شہریوں کومفید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، سی سی پی او لاہور

112
شہدائے ہزارہ پولیس سپورٹس کمپیٹیشن 2025 کا پہلا ایڈیشن شروع ہو گیا

لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):لاہورپولیس کے زیر انتظام 19خدمت مراکزمیں شہریوں کو 14ڈیجیٹل خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔اس سلسلے میں رواں سال اب تک 06لاکھ 38ہزارسے زائد شہری خدمت مراکز سے پولیسنگ سہولیات حاصل کر چکے ہیں۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے بدھ کے روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجما ن نے بتایا کہ خدمت مراکز پرایک چھت تلے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، جنرل پولیس ویری فکیشن، وہیکل ویری فکیشن، گمشدگی رپورٹ، کرائم رپورٹ، خواتین کی قانونی رہنمائی، ایف آئی آر کی نقول، کرایہ داری اور گھریلو ملازمین کے اندراج، لرنر ڈرائیونگ،نیو ریگولرڈرائیونگ لائسنس کا حصول، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، ڈوپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس اورانٹر نیشنل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رواں سال 73ہزار سے زائد شہریوں نے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس حاصل کئے ہیں اور 1لاکھ 24ہزار سے زائد شہریوں نے پولیس ویریفیکیشن کروائی ہے۔ 472شہریوں نے کرائم رپورٹ، 11ہزار سے زائد شہریوں نے دستاویزات کی گمشدگی کا اندراج کروایاہے اور8ہزار سے زائد شہریوں نے ایف آئی آرز کی نقول حاصل کی ہیں۔ اس دوران 2لاکھ 12ہزارسے زائد لرننگ لائسنس ایشو کئے گئے ہیں۔ 1لاکھ 21ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس ایشو کئے گئے ہیں جبکہ 67ہزار سے زائد لائسنس رینویو کئے گئے ہیں۔

3ہزار سے زائد شہریوں کو ڈوپلیکیٹ لائسنس جاری کئے گئے اور 13ہزار سے زائد انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کیا گیا ہے۔اسی طرح 2ہزار سے زائد شہریوں نے کرایہ داری کا اندراج کروایا جبکہ273شہریوں نے وہیکلز ویریفیکیشن کروائی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پولیس خدمت مراکز شہریوں کومفید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز کمیونٹی پولیسنگ کا منہ بولتا ثبو ت ہیں،اس پلیٹ فارم سے لاکھوں لوگوں کو فائدہ پہنچا ہے۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہورپولیس جرائم کی سرکوبی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو جدید سروسز کی فراہمی بھی یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خدمت مراکزسے شہریوں اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موبائل پولیس خدمت مرکز سمیت دیگر پولیس خدمت مراکز بھی سروس ڈیلیوری کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔