پولیس فورس کی ویلفیئر پر رواں سال ایک ارب 25 کروڑ روپے خرچ کئے گئے، ترجمان پنجاب پولیس

35
Punjab Police
Punjab Police

لاہور۔8جولائی (اے پی پی):پنجاب پولیس کی جانب سے رواں سال کے دوران پولیس فورس کی ویلفیئر پر ایک ارب 25 کروڑ 91 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے فورس اور ان کے اہل خانہ کی ویلفیئر کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

رواں سال پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سکالرشپس کی مد میں 39 کروڑ 48 لاکھ 88 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی گئی، پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 35 کروڑ 40 لاکھ 45 ہزار روپے دئیے گئے،علاج معالجے کی سہولیات میں معاونت کے لئے 18 کروڑ 74 لاکھ 22 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی گئی،

گزارا الائونس کی مد میں پولیس ملازمین کی فیملیز کو 14 کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد فنڈز دئیے گئے، پولیس ملازمین کو ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 14 کروڑ 43 لاکھ 97 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی۔تدفین اخراجات کی مد میں فورس کے اہل خانہ کو 2 کروڑ 85 لاکھ روپے دئیے گئے، پولیس فورس کو فوری مالی امداد کی مد میں 94 لاکھ 18 ہزار روپے سے زائد دئیے گئے۔