اوکاڑہ۔ 22 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے خصوصی احکامات کے مطابق اوکاڑہ میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ منصور امان کی زیر قیادت اوکاڑہ پولیس نے 72 گھنٹوں کے دوران ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جو منشیات فروشی جیسے مکروہ دھندے میں ملوث تھے۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1 من 24 کلو چرس، 754 لیٹر شراب برآمد کرکے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں اور کریک ڈاؤن کی نگرانی خود کر رہا ہوں،ضلع اوکاڑہ کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا اوکاڑہ پولیس کا عزم ہے، عوام الناس سے التماس ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف جنگ میں پولیس کا ساتھ دیں۔