بھکر 26 نومبر (اے پی پی):پولیو جیسی ہمیشہ کیلئے اپاہج کردینے والی بیماری کے خاتمہ کیلئے سوسائٹی کے تمام افراد محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔یہ بات ڈپٹی کمشنربھکر محمد اشرف نے ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عباس رضا ناصر اور چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنرمحمد اشرف کو سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمٰن خان نے بریفنگ میں بتایا کہ آئندہ پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز اگلے ماہ 16دسمبر سے ہوگا جوکہ 20 دسمبر تک جاری رہے گی جس کے دوران ضلع بھر میں 365862بچوں کو پولیوسے بچاؤ کیلئے حفاظتی ویکسین کے قطرے پلوائے جائیں گے اس سلسلہ میں 1500 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنرمحمد اشرف نےکہا کہ پولیو راؤنڈ کے دوران محکمہ صحت کی ٹیموں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائیگی تحصیلوں کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو واچ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ راؤنڈ کے دوران پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے ضلع بھر میں سخت انسپکشن کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس میں انہوں نے کہا کہ پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے والدین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں اسی طرح علمائے کرام بھی اس قومی فریضہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جاسکے۔