22.1 C
Islamabad
بدھ, اپریل 2, 2025
ہومقومی خبریںپولیو سے بچاؤ کے لئے ملک بھر میں خصوصی عید ویکسینیشن سٹالز...

پولیو سے بچاؤ کے لئے ملک بھر میں خصوصی عید ویکسینیشن سٹالز قائم

- Advertisement -

اسلام آباد۔28مارچ (اے پی پی):ملک بھر میں عید الفطر کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو کی جانب سے پاکستان میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے’’عید مبارک اقدام‘‘ کا آغاز کیا ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت اہم سفری مقامات پر پولیو ویکسینیشن ٹیموں کی تعیناتی اور ملک بھر میں خصوصی عید ویکسینیشن سٹالز قائم کیے گئے ہیں۔

وزارت قومی صحت کی جانب سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پولیو کے پھیلاؤ کے خطرے کو کم کرنے کے لیے خصوصاً ان اضلاع میں جہاں وائرس کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، عید ویکسینیشن سٹالز 25 مارچ سے 3 اپریل تک فعال رہیں گے۔ یہ سٹالز بڑے شاپنگ مالز اور تفریحی مقامات پر قائم کیے گئے ہیں۔

- Advertisement -

خصوصی سٹالز کراچی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور، راولپنڈی اور فیصل آباد جیسے بڑے شہروں میں قائم کئے گئے ہیں۔ خصوصی عید ویکسینیشن سٹالز کا مقصد اُن بچوں کو پولیو ویکسین فراہم کرنا ہے جو حالیہ پولیو مہم کے دوران ویکسین سے محروم رہ گئے یا جو اپریل 2025 میں ہونے والی آئندہ قومی پولیو مہم سے قبل سفر کر رہے ہیں۔

سٹالز پر آنے والے والدین، طلباء اور کمیونٹی کے ارکان کو پولیو ویکسین کے حوالے سے آگاہی اور اس کے انتظام کی تربیت فراہم کی جائے گی، جس سے پولیو کے خلاف جنگ میں ان کے کردار کو مزید تقویت ملے گی۔ مزید برآں بچوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں تحائف بھی دیئے جائیں گے۔ اس مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خواتین سوشل میڈیا انفلوئنسرز، مقامی حکام اور دیگر اہم سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے جو عوام میں پولیو ویکسینیشن کی اہمیت کو اجاگر کریں گے اور ان کے خدشات کو دور کریں گے۔

اس قومی مہم کے تحت 145 خصوصی عید ویکسینیشن سٹالز اور 644 ویکسینیشن ٹیمیں ملک بھر میں تعینات کی گئی ہیں جو پاکستان میں پولیو کے مکمل خاتمے اور بچوں کے محفوظ مستقبل کے عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔ وزارت قومی صحت نے کہا ہے کہ آئندہ قومی پولیو مہم 21 سے 27 اپریل تک منعقد ہو گی۔ جس میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576870

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں