راولپنڈی۔6جولائی (اے پی پی):پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن کی جانب سے ضلع اٹک کے علاقے میں دریائے سندھ بیلا میں سیلاب کے باعث ایک اہم ریسکیو آپریشن انجام دیا گیا۔ ترجمان پٹرولنگ پولیس کے مطابق شادی خان پٹرولنگ پوسٹ کی ٹیم نے سیلاب کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر امدادی کارروائی کا آغاز کیا۔ سب انسپکٹر معظم منیر کی قیادت میں ٹیم موقع پر بروقت پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ سیلاب سے متاثرہ 12 خانہ بدوش خاندانوں میں کل 90 افراد شامل تھے جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیم نے نہ صرف تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا بلکہ ان کے 120 مویشیوں کو بھی بچایا گیا۔ ریسکیو آپریشن تقریباً چھ گھنٹوں میں کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ متاثرین نے پٹرولنگ پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ پٹرولنگ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ عوام کی خدمت اور تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جائے گا۔