پٹرولیم لیوی اس وقت چھ سال کی کم ترین سطح پر ہے، شہباز گل

56
مسلم لیگ (ق) نے عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی اس وقت چھ سالوں میں اپنی نچلی سطح پر ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف کے ایک بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں پٹرول کی قیمت سری لنکا ، نیپال ، بنگلہ دیش، چین اور ہندوستان سے کم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جو لوگ ملک کو ذاتی جاگیر سمجھتے ہیں وہ قومی دولت لوٹ کر اب احتساب سے بھاگ رہے ہیں، اس بدعنوان خاندان نے ملک پر حکومت کی اور وہ ملک کی تباہی کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمت کے نام پر شہباز شریف اپنے نا اہل خاندان کے لئے این آر او لینے کی کوشش کر رہے ہیں اور جو لوگ اپنے ملازمین کے نام پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں انہیں جواب دینا پڑے گا۔

شہباز گل نے کہا کہ آپ کو غریبوں کے نام پر سیاست کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بیورو آف شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے نو اشیائے ضروریہ اشیاکی قیمتوں میں کمی جبکہ 19 اشیاکی قیمتیں مستحکم رہیں۔