اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مہنگائی کو کم کرنے میں مدد ملے گی، پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور تجارت و صنعت کو فروغ حاصل ہوگا۔
منگل کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچانا اور پرتعیش اشیاکی درآمد پر پابندی کا تسلسل حکومت کا اچھا فیصلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے کاروبار کے لیے نقل و حمل کے اخراجات کم ہوں گے خاص طور پر لاجسٹک اور شپنگ کمپنیاں اور وہ کاروبار جو ایندھن پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں ان کے منافع کے مارجن میں بہتری آئے گی ، اشیااور خدمات کی قیمتوں میں کمی آئے گی جس سے عوام کو بھی فائدہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے افراط زر کے دبائو کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے کیونکہ ایندھن کے اخراجات اشیاکی پیداوار اور نقل و حمل کے اخراجات کا بڑا حصہ ہوتے ہیں، اس فیصلے سے مہنگائی کی مجموعی شرح میں کمی اور قیمتوں کے استحکام میں مدد ملے گی۔