پچیس  نومبر تک پاک فوج کے اعلی ترین عہدوں پر تقرری کا مرحلہ مکمل ہوجائے گا، ناموں پر کسی قسم کا ڈیڈ لاک نہیں ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

132
Defense Minister Khawaja Muhammad Asif
خواجہ محمد آصف نے کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی کا مسئلہ عالمی فورم پر کھل کر اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 25 نومبر تک پاک فوج کے اعلی ترین عہدوں پر تقرری کا مرحلہ مکمل ہوجائے گا ۔وہ پیر کو اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاک فوج میں اعلی عہدوں پر تقرریوں کے لئے ناموں پر کسی قسم کا ڈیڈ لاک نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فوجی قیادت اور اتحادی جماعتوں کی قیادت کو اس بارے میں مکمل اعتماد میں لیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جب فوج میں اعلی ترین عہدوں پر تقرری کے لئے سمری آئے گی اور اس میں 5 یا 6 نام ہونگے تو اس پر بحث ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ 25 نومبر تک پاک فوج کے اعلی ترین عہدوں پر تقرری کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج آرمی چیف کی تقرری کا پراسیس شروع ہوچکا ہے ، جلد چیزیں بہتر ہوجائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کی سمری پچھلی مرتبہ بھی اسی ٹائم میں آ ئی تھی اور اگر اس سے پچھلی مرتبہ کی تقرری کا وقت دیکھا جائے تو وہ بھی اسی ٹائم کے قریب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم کی صوابدید ہے ۔