پی آئی اے کی خصوصی پرواز ملائشیا میں پھنسے 320 پاکستانیوں کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی

69

اسلام آباد ۔ 29 مئی (اے پی پی) پی آئی اے کی خصوصی پرواز ملائشیا میں پھنسے 320 پاکستانیوں کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی۔ ایئرپورٹ پر والہانہ استقبال کیا گیا‘ پاکستان پہنچنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ کی عید کی خوشیاں دوبالا ہو گئیں اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ بدھ کو وزیراعظم کی ہدایت پر پی آئی اے کی خصوصی پرواز ملائیشیا میں پھنسے 320 پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئی۔ یہ 320 پاکستانی ملائشیا کی مختلف جیلوں میں اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد براہ راست فلائیٹ کی عدم موجودگی کے سبب پاکستان آنے سے قاصر تھے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر وزیر اعظم عمران خان نے ان پاکستانیوں کی عید سے قبل وطن واپسی کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔ وزارتِ خارجہ نے ملائشیا میں واپسی کے منتظر ان پاکستانیوں کی واپسی کے تمام انتظامات پی آئی اے، اوورسیز پاکستانیز ڈویژن اور بیت المال کی معاونت سے مکمل کئے۔