پی آئی اے کے مسافر براستہ بیجنگ چین کے16 شہروں کے لیے پرواز کر سکتے ہیں، ترجمان قومی ائیرلائن

264
PIA

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی): پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے)کے ذریعے سفر کرنے والے مسافر اب ایئر چائنا کے ساتھ شراکت میں بیجنگ کے راستے پاکستان اور چین کے 16 دلکش شہروں کے درمیان فضائی سفر کر سکتے ہیں۔ پی آئی اے کے ترجمان نے آفیشل ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا کہ پی آئی اے نے چین میں 16 نئے مقامات کے لئے اپنے فلائٹ آپریشن کو وسعت دی ہے ۔ اب مسافر بیجنگ کے علاوہ چین کے 16 شہروں کے لئے سفر کر سکتے ہیں۔

پی آئی اے پاکستان اور چین کے درمیان پروازوں پر طلبا کے لیے کرایوں میں پہلے ہی20 فیصد رعایت دے رہی ہے۔ پی آئی اے نے اکانومی کلاس کے لیے 80 کلوگرام اور ایگزیکٹیو اکانومی کلاس کے لیے 100 کلوگرام تک مفت سامان کے ساتھ کم ترین کرایوں کی بھی پیشکش کررکھی ہے۔ پی آئی اے پہلے ہی اعلان کر چکی ہے کہ وہ06 اگست سے چین کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرے گی۔

ابتدائی طور پر پی آئی اے ہر اتوار کو اسلام آباد۔بیجنگ۔اسلام آباد روٹ پر ہفتہ وار ایک فلائٹ چلائے گی اور بیجنگ سے 21:15 پر اسلام آباد آئیگی۔ پی آئی کے ایک اہلکار کے مطابق بیجنگ سے اسلام آباد کا یک طرفہ کرایہ 3814 آر ایم بی جبکہ ریٹرن ٹکٹ کا کرایہ5685 آر ایم بی ہے۔

اگر ٹکٹ آن لائن خریدے جائیں تو مسافروں کو مزید رعایت بھی مل سکتی ہے۔ چین کے ان شہروں میں گوانگزو، شنگھائی، ووہان، شینگڈو، چونگ کنگ، چانگچون، ہانگ زو، ہاربن سمیت 16 شہر شامل ہیں جہاں پی آئی کے ذریعے مسافر سفر کر سکیں گے۔