پی آئی اےکا لیز پر حاصل کردہ ایئربس طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا ہے،ایئر مارشل (ر ) ارشدملک

85

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل (ر ) ارشدملک نے کہا ہے کہ پی آئی اےکا لیز پر حاصل کردہ ائیربس طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

منگل کو اپنےبیان میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے ٹینڈر کے ذریعے دو طیارے حاصل کئے ہیں ۔ دوسرا طیارہ کچھ دنوں تک پاکستان پہنچے گا ۔ دونوں طیارے 2017ساخت کے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ اور عالمی ہوابازی کے حالات کے باعث پی آئی اے گزشتہ دو سالوں سے طیارے حاصل نہیں کرسکا۔ طیارے پی آئی اے کے بیڑے کے پرانے طیاروں کو تبدیل کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ان طیاروں سے پی آئی اے اپنے مہمانوں کو بہتر اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرے گا ۔ نئے طیاروں کا حصول اللہ کی مہربانی اور میری ٹیم کی کاوشوں سے عمل میں آیا ۔ یہ اللہ کا خاص کرم اور میری ٹیم کی شب و روز کی محنت کا ثمر ہے ۔ اس موقع پر سی ای او پی آئی اے نے خصوصی طور پر پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور وزیر ہوابازی کا بھی شکریہ ادا کیا۔