پی او ایف اوپن کراٹے چیمپین شپ اختتام پذیر ہوگئی

168

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اورپی او ایف واہ کے تعاون سے پی او ایف اوپن کراٹے چیمپین شپ پی او ایف واہ جمنازیم میں اختتام پذیر ہوگئی۔ چیمپین شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پی او ایف سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل محمد توفیق تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان کراٹے ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل عندلیب سندھو، اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے سرپرست راجہ خالد، صدر اعجازالحق، خیبر پختونخوا کراٹے ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خالد نور بھی موجود تھے۔ اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر اعجازالحق نے ایونٹ کی رپورٹ پیش کی، چیمپین شپ میں ملک بھر سے 130 سے زائد مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ چیمپین شپ میں مردوں کے چھ جبکہ خواتین کے پانچ کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے تھے۔ مردوں کے مقابلوں میں 50 کلوگرام، 55 کلوگرام، 60 کلوگرام، 67 کلوگرام، پلس 68 کلوگرام اور انفرادی کاتا کے جبکہ خواتین کے مقابلوں میں 47 کلوگرام، 54 کلوگرام، 61 کلوگرام، پلس 62 کلوگرام اور انفرادی کاتا کے مقابلے شامل تھے۔ مردوں کے مقابلوں میں 50 کلوگرام میں وقاص، 55 کلوگرام میں عثمان، 60 کلوگرام میں آصف علی، 67 کلوگرام میں نوفل ، پلس 68 کلوگرام میں اسرار اور انفرادی کاتا کے مقابلوں میں ذیشان نے کامیابی حاصل کی جبکہ خواتین کے مقابلوں میں 47 کلوگرام میں مانئل، 54 کلوگرام میں اقرا انور، 61 کلوگرام میں مونیبہ، پلس 62 کلوگرام میں فاطمہ زہرا اور انفرادی کاتا کے مقابلوں میں اقرا انور نے کامیابی حاصل کی۔