راولپنڈی ۔9مارچ (اے پی پی):پی ایس ایل 8 میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 119 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں ساتویں کامیابی حاصل کر لی، قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت 226 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا،
فخر زمان نے 57 گیندوں پر 115 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، یونائیٹڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 16 ویں اوور میں 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی، راشد خان نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں، فخر زمان کو مرد میدان قرار دیا گیا، جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 26 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، قلندرز نے فخر زمان کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے،
فخر زمان نے گرائونڈ کے چاروں طرف دلکش سٹروک کھیلے اور 50 گیندوں پر سنچری مکمل کی، انہوں نے 57 گیندوں کا سامنا کرتے اور 115 رنز بنائے جس میں 8 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے، یہ ان کے ٹی 20 کیریئر کی بہترین اننگز ہے، دیگر بیٹرز میں کامران غلام 41 اور سیم بلنگز 32 رنز بناکر نمایاں رہے، یونائٹیڈ کی طرف سے فضل حق فاروقی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 15.1اوورز میں 107 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی، قلندرز کی بائولنگ کے سامنے اسلام آباد کا کوئی بھی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا، رحمان اللہ گرباز 15 ، ایلیکس ہیلز 18 ، کولن منرو 11 ، کپتان شاداب خان 12 ، مبصر خان 3 ، آصف علی 7 ، فہیم اشرف 4 ، حسن علی 18 اور محمد وسیم 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ اعظم خان انجری کے باعث بیٹنگ نہیں کر سکے،
لاہور قلندرز کی طرف سے راشد خان سب سے کامیاب بائولر رہے انہوں نے 21 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، زمان خان اور حارث رئوف کے حصے میں دو، دو وکٹیںآئیں، فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی یہ 9 میچ کھیل کر ساتویں کامیابی ہے اور وہ 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر برقرارہے، یونائیٹڈ کو نویں میچ میں تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، دونوں ٹیمیں پہلے ہی پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔