پی ایس ایل انتظامیہ اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ملاقات ،پی ایس ایل 9 اور 10 کے اعداد و شمار کا تقابلی جائزہ

49
پی ایس ایل انتظامیہ اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ملاقات ،پی ایس ایل 9 اور 10 کے اعداد و شمار کا تقابلی جائزہ

راولپنڈی۔2جولائی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ملاقات ہوئی جس کی صدارت سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کی۔ اجلاس میں فرنچائز مالکان، سپانسرز اور کمرشل پارٹنرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پی ایس ایل کی گزشتہ 10 سالہ ترقی کا تفصیلی ڈیٹا پیش کیا گیا اور پی ایس ایل 9 اور 10 کے اعداد و شمار کا تقابلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کا مقصد پی ایس ایل کے مستقبل کو مزید مستحکم اور عالمی سطح پر فعال بنانا تھا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل صرف ایک کرکٹ لیگ نہیں بلکہ امید اور یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نے ہمیں عالمی معیار کی کرکٹ اور ناقابل فراموش لمحات فراہم کیے ہیں۔ محسن نقوی نے فرنچائز مالکان، سپانسرز، سیکیورٹی اداروں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ پی ایس ایل کو مزید مضبوط اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں برانڈ بنایا جائے گا۔

سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل ٹین صرف ایک ایڈیشن نہیں بلکہ ایک جشن تھا۔ انہوں نے پی ایس ایل کو ایک ایسی تحریک قرار دیا جو دنیا بھر میں موجود مداحوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ یہ ملاقات پی ایس ایل کی مستقل کامیابی، شفافیت اور اس کی عالمی حیثیت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔