کراچی۔21فروری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔ جس کی زندہ مثال شاداب خان، حسن علی، حیدر علی، شاہنواز ڈھانی، محمد آصف اور حارث رئوف جیسے نوجوان کھلاڑیوں کی کارگردگی سب کے سامنے ہے، سندھ حکومت کو بھی چاہئے کہ کرکٹ کے میدانوں کو آباد کرنے پر توجہ دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنگم ٹرافی 2022 کے فائنل کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجمال انصاری، وصال انصاری، ایاز منشی، بابر بشارت، اقبال امام، وسیم طارق، انیس الرحمان اور ایم نسیم بھی موجود تھے۔
یونس خان نے مذید کہا کہ سنگم، شاداب اور المنصورہ گرائونڈ پر خود کھیلتا رہا ہوں اور آج مجھے سنگم گرائونڈ پر آکر خوشی محسوس ہوئی، یہ وہ ہی گرائونڈ ہے جہاں سے ماضی میں سکندر بخت، ہارون رشید، منصور اختر اور دیگر کرکٹرز نے پاکستان کی نمائندگی کی۔
انہوں نے کہا کہ سنگم کرکٹ گرائونڈ سندھ حکومت کی توجہ کا منتظر ہے، پی ایس ایل کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا، پی ایس ایل پاکستان کابرانڈ ہے، ایمرجنگ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت دکھانے میں وقت درکار ہوتا ہے، ایمرجنگ کیٹگری سے نوجوان کھلاڑی سامنے آرہے ہیں۔
یونس خان نے ایاز منشی، وصال انصاری، جمال انصاری اورایم نسیم کو مبارک بار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملکی حالات کے باوجود باالخصوص کرونا وائرس جیسے مشکل وقت میں ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا،
میں امید کرتا ہوں کہ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا رہے گا اور ان گرائونڈز کو مزید بہتر بنانے میں یہاں کی انتظامیہ اور کمیٹی اپنا کردار ادا کرے گی تاکہ مستقبل قریب میں نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ملک کا نام روشن کریں۔
آصف فیلکن نے فائنل میں یو نائیٹڈ اسپورٹس کو2 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا، یو نائیٹڈ اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوررز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز اسکور کئے، سعید نواب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 چھکوں اور12 چوکوں کی مدد سے 110 جبکہ حسن علی 45، فصیح اللہ نے 30 رنز اسکور کئے۔
آصف فیلکن کی طرف سے سلمان نے 3،سیف اللہ اوریحیی علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ آصف فلکن نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف پورا کرلیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے فیضان نے 96، وقاص علی نے 48، وسیم الدین نے 36 اور یاسر علی نے 34 رنز اسکو ر کئے۔ یو نائیٹڈ اسپورٹس کی جانب سے زاہد احمد، زین الدین، سعد علی، اور ظہیر احمد نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
آخر میں ٹورنامنٹ کمیٹی کی جانب سے مہمان خصوصی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔