لاہور۔3مئی (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس کی جانب سے قذافی سٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز اور اسلام آباد یونائٹڈ کے میچ میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی، میچ کے دوران 8 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے پرامن انعقاد کے لئے ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسی سمیت تمام اداروں کی کوآرڈینیشن ہے، ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں بھی کھلاڑیوں کے روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف موثر پٹرولنگ کرتی رہیں
،اسی طرح ٹیموں کے روٹ، سٹیڈیم اور قیام گاہ سمیت اہم مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے ہمہ وقت مانیٹرنگ جبکہ سٹیڈیم سمیت ارد گرد کی بلند عمارات پر پولیس سنائپرز تعینات کئے گئے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کی آگاہی اورٹریفک روانی کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے ، شائقین کرکٹ کھیل سے لطف اندوز ہونے کیلئے پولیس ہدایات پر عمل کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592064