22.7 C
Islamabad
بدھ, اپریل 16, 2025
ہومعلاقائی خبریںپی ایس ایل میں شریک تمام ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں،آفیشلز اور...

پی ایس ایل میں شریک تمام ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں،آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو بھر پورسکیورٹی فراہم کی جائیگی،سی سی پی او لاہور

- Advertisement -

لاہور۔2فروری (اے پی پی):سی سی پی او لاہور پولیس وایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو نے کہا ہے کہ لاہور میں شروع ہونے والے پی ایس ایل کرکٹ میلہ کے دوران تمام ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں،آفیشلز اور سٹیڈیم آنے والے شائقین کرکٹ کوبھرپورسکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔

سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ مربوط اور موثر پلاننگ کے تحت پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی کے گذشتہ میچز ایس او پیز کو مدنظر رکھ کر پہلے سے زیادہ بہتر لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ لاہورپولیس پاکستان میں بین الاقوامی سپورٹس اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی آئی ہے،حالیہ پی ایس ایل سیون کے دوران بھی بہترین سکیورٹی انتظامات دیکھنے کوملیں گے،حکومت کی طرف سے پی ایس ایل کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیاہے،پی ایس ایل کے دوران قذافی سٹیڈیم کے اطراف پارکنگ ایریاز اور ٹیموں کے روٹس پر سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے موثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 7 فروری سے ہی پی ایس ایل سکیورٹی ایس او پیز پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا، لاہور پولیس سکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پی سی بی سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہے،حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں لاہور پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے سکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مشترکہ ریہرسل بھی کی جائے گی۔

فیاض احمد دیو نے کہا کہ ٹیموں کی قیام گاہ،روٹس،سٹیڈیم کے گرد و نواح میں سرچ اینڈسویپ آپریشنز باقاعدگی سے جاری ہیں،میچز کے دوران ڈولفن سکواڈ،ایلیٹ اورپولیس ریسپانس یونٹ ٹیمیں مخصوص پوائنٹس پر مسلسل پٹرولنگ کریں گی،ٹیموں کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔

فیاض احمد دیو نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران شہریوں کو ٹریفک کے حوالے سے زیادہ مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے اس مقصد کیلئے قبل از وقت مربوط ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کی جائے گی اور ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ٹریفک کنٹرول کیلئے مربوط انتظامات عمل میں لائے جائیں گے۔

سی سی پی او نے کرکٹ میچز دیکھنے کیلئے سٹیڈیم آنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اومی کرون کی حالیہ لہر کے پیش نظر ماسک اور دیگر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں،پی ایس ایل سیون 2022 کے فائنل سمیت 19 میچز 10 فروری سے 27 فروری تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=293443

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں