اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی)نے "پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن”کے نام کے غیر قانونی استعمال پر ملک بھر کے وفاقی و صوبائی کھیلوں کے اداروں، محکموں اور تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک جامع ل مراسلہ جاری کیا ہے۔جس میں ہدایت دی ہے کہ طارق پرویز اور اس کی خودساختہ تنظیم کی کسی بھی سرگرمی، فیصلے یا نوٹیفکیشن کو ہر سطح پر مسترد کیا جائے۔
پی ایس بی کی جانب سے جاری خط میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کا آئین 2022 وفاقی حکومت (کابینہ) کی منظوری سے نافذ العمل ہے، جس کے مطابق صرف وہی کھیلوں کی فیڈریشنز "قومی اسپورٹس فیڈریشنز” کہلا سکتی ہیں جو باضابطہ طور پر پی ایس بی سے الحاق شدہ ہوں۔ صرف ایسی تسلیم شدہ فیڈریشنز کو "پاکستان” کے نام کے استعمال اور بین الاقوامی مقابلوں میں قومی ٹیمیں بھیجنے کا قانونی اختیار حاصل ہے۔
خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک غیر تسلیم شدہ فرد طارق پرویز، خود کو "پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن” کا صدر ظاہر کر رہا ہے اور غیر قانونی طور پر پاکستان کے نام کا استعمال کر رہا ہے، حالانکہ یہ شخص اور نہ ہی اس کی تنظیم پی ایس بی کے ساتھ منسلک یا تسلیم شدہ ہے۔پی ایس بی نے تمام اداروں، محکموں،سپورٹس فیڈریشنز اور کھلاڑیوں کو ہدایت دی ہے کہ طارق پرویز کی جانب سے جاری کردہ کسی بھی قسم کی خط و کتابت، فیصلے یا اعلانات کو مکمل طور پر نظرانداز کیا جائے۔ ساتھ ہی خبردار کیا گیا ہے کہ آئین کی خلاف ورزی اور "پاکستان” کے نام کے غلط استعمال پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خط میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام متعلقہ فریقین پی ایس بی کی ان ہدایات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کھیلوں کے نظام میں شفافیت اور قانونی دائرہ کار برقرار رکھا جا سکے۔ یہ مراسلہ ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان ریلوے، واپڈا، افواج پاکستان (آرمی، نیوی، ایئر فورس)، پولیس، سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ، اور ملک بھر کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کے اسپورٹس بورڈز کو ارسال کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ایس بی خرم شہزاد کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کھیلوں کے شعبے میں نظم و نسق کو شفاف اور آئینی اصولوں کے تحت چلانے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی قسم کے غیر قانونی دعوے یا گمراہ کن سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔