اسلام آباد ۔ 30 جون (اے پی پی) وفاقی حکومت نے مالی سال 2020-21ء کے بجٹ کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام ( پی ایس ڈی پی) کے تحت مواصلات ڈویژن کے ماتحت ادارے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع کے دو نئے منصوبوں ملاکنڈ ٹنل کی تعمیر اور خیبر پاس اکنامک کوریڈور کے لیے مجموعی طور پر 2500 ملین روپے مختص کیے ہیں۔پی ایس ڈی پی کے اعدادوشمار کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں دو نئے منصوبوں جن میں ملا کنڈ ٹنل کی تعمیر کے لیے 1000 ملین روپے رواں مالی سال 2020-21 کے بجٹ میں مختص کیے ہیں جبکہ منصوبہ کی تعمیر پر مجموعی طور پر 16554 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ خیبر پاس اکنامک کوریڈور منصوبے کے لیے 1500 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ منصوبہ کی تعمیر پر مجموعی طور 77912 میلن روپے تخمینہ لگایا گیا ہے ان دونوں منصوبوں کے لیے کل مجموعی طور پر 94466 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔